ہوناور ، 25 / جون (ایس او نیوز) گیرو سوپّا کے راستے ہوناور کی طرف غیر قانونی طور پر گائیں رفت کرنے کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک کنٹینر سمیت 22 سے زیادہ گائیں ضبط کر لیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مہاراشٹرا رجسٹریشن والے کنٹینر کو چکینگ کے لئے روکنے کی ہدایت دینے کے باوجود ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے آگے بڑھا کر لیجانے کی ناکام کوشش کی ۔ پولیس نے کنٹینر کا پیچھا کرکے کولکّی کے قریب گاڑی رکوائی اور کنٹینر میں غیر انسانی انداز میں لادے گئے جانوروں کو بچا لیا ۔ اس کے علاوہ دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے بتایا کہ کنٹینر میں ایک گائے مردہ حالت میں پائی گئی ۔ گاڑی میں بند جانوروں کے لئے ہوا، غذا اور پانی کا کوئی انتظام نہیں تھا اور جانوروں کو رفت کرنے کے لئے کوئی دستاویزی ثبوت اور اجازت نامہ ملزمین کے پاس موجود نہیں تھا ۔
پولیس نے ہاویری سے بھٹکل کی طرف غیرقانونی طور پر مویشی لے جانے کے الزام میں جن دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے ان کے نام ہاویری ضلع ہانگل کا رہنے والا اسماعیل قادر صاب اور مہاراشٹرا کا رہنے والا سنکیت راجیندرا بلید بتائے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں ہوناور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔